پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ 10 روز کے اندر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پارٹی رہنما سلمان اکرم راجہ کے مطابق کانفرنس میں شرکت کے لیے مولانا فضل الرحمان سمیت اہم سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محمود خان اچکزئی بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد کردہ قائد حزب اختلاف ہیں اور لانگ مارچ سے متعلق پارٹی کا فیصلہ بھی برقرار ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور اسپیکر کو لاپتا کیا گیا ہے، جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو بھی اٹھایا جا رہا ہے۔
مذاکرات کے حوالے سے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ان کی ناکامی کے بارے میں غلط بیانیہ پیش کیا گیا اور مذاکراتی عمل کو دانستہ طور پر ناکام بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا مؤقف اور لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ بدستور برقرار ہے۔