اسلام آباد: پاکستان اور بحرین نے دوطرفہ تعلقات کو معاشی اور تجارتی تعاون کے نئے مرحلے میں داخل کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بحرینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بحرین کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی روابط پر استوار ہیں۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کی استعداد کار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بحرینی وزیر خارجہ نے اپنی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے بحرین کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور رابطے برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بحرینی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔