پاکستان اور یورپ کے درمیان براہ راست بحری رابطہ دوبارہ قائم
کراچی: کراچی بندرگاہ سے یورپ کیلئے براہ راست ہفتہ وار شپنگ سروس دوبارہ بحال کردی گئی، جس کے بعد پاکستان اور یورپ کی 7 بندرگاہوں کے درمیان براہ راست بحری رابطہ قائم ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری کے مطابق ایم ایس سی نے اپنی پریمیم آئی پاک شپنگ سروس دوبارہ شروع کردی ہے، جس کے تحت کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے یورپ کیلئے ہفتہ وار براہ راست بحری رابطہ فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ براہ راست شپنگ سروس کی بحالی سے ملکی برآمدی صنعت کو سہولت ملے گی اور یورپی ممالک کو ٹیکسٹائل سمیت دیگر برآمدی سامان کی ترسیل مزید بہتر ہوسکے گی۔
انہوں نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل کی انتظامیہ کی جانب سے سروس کی بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔
براہ راست بحری رابطے کی بحالی کو پاکستانی برآمدی صنعت کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جس سے یورپی منڈیوں تک سامان کی ترسیل میں وقت اور دیگر مشکلات کم ہونے کی توقع ہے۔