راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق پالن گزی، ندیم کوٹ اور کوٹ خزری میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کارروائیوں کے دوران مارے جانے والے چار کمانڈرز کی شناخت خالد رضا، کامران، موسیٰ اور مفتون کے نام سے ہوئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا، جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے 4 کمانڈرز سمیت 9 دہشتگردوں کی ہلاکت پر اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔