اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا نیا رکن نامزد کردیا ہے، جبکہ ان کی نامزدگی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی نامزدگی پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کے جوڈیشل کمیشن سے مستعفی ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔
فاروق ایچ نائیک نے ذاتی مصروفیات کے باعث جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔ انہوں نے سینیٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کو خط کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
فاروق نائیک نے جوڈیشل کمیشن کا رکن مقرر کیے جانے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ذمہ داری کو نبھانا ان کیلئے اعزاز تھا۔ انہوں نے مختلف ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری سے متعلق کمیشن کے متعدد اجلاسوں میں شرکت کی۔
بلاول بھٹو زرداری اس سے قبل نومبر 2024 میں جوڈیشل کمیشن کیلئے اپنی نامزدگی واپس لے چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت انہوں نے حکومت کی جانب سے کمیشن میں مساوی نمائندگی سے متعلق وعدہ پورا نہ کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان واپسی پر پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی متوقع ہے، جس میں حکومت کے ساتھ آئندہ سیاسی معاملات سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔