تازہ ترین

پی ٹی آئی کا پرامن لانگ مارچ جمہوری حق ہے، مولانا فضل الرحمان

0

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کیلئے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی، تاہم سیاسی جماعتیں بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان سے اپوزیشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں علامہ راجا ناصر عباس، اسد قیصر اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران اپوزیشن وفد نے انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور حکومت کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال اس وقت عدم توازن کا شکار ہے اور حکمرانوں کا حزب اختلاف کے ساتھ رویہ بھی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی طرز عمل کے حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں، جبکہ جمہوری اور سیاسی قوتیں مذاکرات پر یقین رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق اگرچہ وہ موجودہ مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں تھے تاہم اصولی طور پر مذاکرات کے خلاف نہیں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ کچھ ماننے اور منانے کی سوچ کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کے مطابق اگر پس پردہ قوتیں مذاکرات میں شامل نہ ہوں تو سیاسی مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے تک پہنچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور وہ اس معاملے پر اپنی جماعت سے مشاورت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے مشترکہ ایجنڈا سامنے آنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا پرامن احتجاج اور لانگ مارچ کرنا جمہوری حق ہے، اس لیے حکومت کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی سیاسی جماعت پرامن رہنے کی یقین دہانی کرائے تو اس کی بات پر اعتماد کیا جانا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.