تازہ ترین

معذور فلسطینی پر تشدد، خواتین سے بدسلوکی کی ویڈیو سامنے آگئی

0

مغربی کنارے کے جنوبی الخلیل میں فلسطینی بستی غوین میں ایک معذور فلسطینی شخص اور خواتین کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں اسرائیلی فوج کے چار اہلکاروں کو ایک غیر قانونی چوکی کے مالک کے ہمراہ فلسطینی بستی میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

فوٹیج کے مطابق چوکی کے مالک مردخائی زکریا نے کرسی پر موجود ایک معذور فلسطینی شخص کو چھڑی سے مارا، جبکہ ایک اسرائیلی فوجی نے بھی اسے دھکا دیا۔ فوٹیج میں زکریا اور دو فوجیوں کو مذکورہ شخص کو زمین پر گھسیٹتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

ویڈیو میں ایک فلسطینی خاتون کو گھر کے اندر جانے کا حکم دیے جانے کے بعد مبینہ طور پر زبردستی اندر دھکیلنے اور دروازہ بند کرنے کا منظر بھی موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ فوٹیج اسرائیلی شہری حقوق کے کارکنوں کی جانب سے ایک انسانی حقوق کی تنظیم کو فراہم کی گئی تھی، جبکہ تنظیم نے اسے سیکیورٹی کیمرے کی ریکارڈنگ قرار دیا۔

واقعے سے متعلق اسرائیلی فوج سے یہ وضاحت بھی طلب کی گئی کہ اہلکار بستی میں کیوں داخل ہوئے، رہائشیوں کے ساتھ جسمانی تصادم کیوں ہوا اور چوکی کا مالک ان کے ہمراہ کیوں تھا، تاہم فوری طور پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔

شہری حقوق کی تنظیموں کی جانب سے ماضی میں بھی مذکورہ چوکی کے مالک اور وہاں موجود افراد پر مقامی فلسطینی آبادی کو ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.