امریکی وزیر خارجہ اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان اہم فون کال
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کردی ہے، تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ فون کال اس وقت ہوئی جب مارکو روبیو واشنگٹن سے آئس لینڈ کیلئے سفر کر رہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ تاحال ایسا کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا جس میں فون کال کے دوران زیر بحث آنے والے مخصوص موضوعات کی تفصیل بیان کی گئی ہو۔
یہ رابطہ ایسی میڈیا رپورٹس کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی انتظامیہ نے عراقی فضائی حدود میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے متعلق پہلے عائد پابندیاں ختم کردی ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اس اقدام سے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے خلاف ممکنہ اسرائیلی فضائی کارروائیوں کی راہ ہموار ہوسکتی ہے، تاہم امریکی حکام نے فون کال اور فضائی حدود سے متعلق ان رپورٹس کے درمیان براہ راست تعلق کی تصدیق نہیں کی۔