پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع دیر لوئر میں رات گئے اچانک شدید ژالہ باری اور طوفانی بارش نے معمولات زندگی متاثر کردیئے، جبکہ کئی علاقوں میں گاڑیوں اور سولر پینلز کے شیشے ٹوٹ گئے۔
شدید ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں اور میوہ جات کے باغات کو بھی نقصان پہنچا، جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
رسالپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ پشاور میں وقفے کے بعد دوبارہ بارش شروع ہوگئی۔ لنڈی کوتل اور گردونواح میں بارش کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی بھی آگئی۔
پیسکو کے مطابق بارش کے باعث پشاور، خیبر، صوابی، مردان اور سوات میں مجموعی طور پر 83 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی۔
پیسکو حکام کے مطابق جن علاقوں میں بارش رک گئی ہے وہاں بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم بہتر ہوتے ہی مرمتی سرگرمیاں شروع کردی جائیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، باجوڑ، مالاکنڈ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان اور صوابی سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔