پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی یارک ٹول پلازہ سے واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے ان کے طرزِ عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور مشکل حالات میں کارکنوں کو آگے رکھتے اور خود پیچھے ہٹ جاتے ہیں، ان کے مطابق یہ طرزِ عمل ان کیلئے نیا نہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے یارک ٹول پلازہ سے واپسی کی وجہ دفعہ 144 کا نفاذ قرار دیا، تاہم ضلعی انتظامیہ کا متعلقہ نوٹیفکیشن اس حوالے سے موجود ہے۔
ان کے مطابق دفعہ 144 ڈی آئی خان کے مخصوص علاقوں میں مخصوص اوقات کیلئے نافذ تھی اور یارک ٹول پلازہ اس میں شامل نہیں تھا۔
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی قیادت پر اپنے کارکنوں کو گمراہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی قیادت کرنے والا شخص بھی مشکلات کے وقت پیچھے ہٹنے والوں میں شامل ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے۔