اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی محمد خان نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات سے قوم کو کوئی خوشخبری ملے گی۔
علی محمد خان نے کہا کہ پارٹی کی مشاورت میں انہوں نے تجویز دی ہے کہ حکومت کی جانب سے بعض شرائط پوری ہونے کی صورت میں 4 اکتوبر کا لانگ مارچ مؤخر کیا جاسکتا ہے۔
ان کے مطابق وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائے اور عدالتی فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو شامل کیا جائے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی رہا کیا جائے۔
علی محمد خان نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنے کے لیے تیار ہوتی ہے تو یہ تمام فریقین کے لیے باعث عزت ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔ ان کے مطابق آئین و قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام مطالبات آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے پاکستان کا ہر شہری متاثر ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کے جرگے میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے دستخط موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں پاکستان اور خیبرپختونخوا دہشت گردی کے بجائے سیاحت کے حوالے سے جانے جاتے تھے۔