تازہ ترین

عالمی ایندھن قیمتوں میں کمی کیلئے جی سیون کا بڑا فیصلہ

0

برسلز: ایران جنگ کے باعث عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے دباؤ کے درمیان جی سیون ممالک نے ہنگامی ذخائر سے مجموعی طور پر 10 کروڑ بیرل خام تیل اور ڈیزل مارکیٹ میں لانے پر اتفاق کرلیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اضافی ذخائر جاری کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا اور یہ منصوبہ تقریباً چار ماہ تک جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں ڈیزل کی بڑی مقدار پہلے 20 دن کے دوران مارکیٹ میں لائی جائے گی۔

جی سیون ممالک نے بتایا کہ ذخائر کے اجرا کا عمل بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ذریعے پہلے سے کیے گئے وعدوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے گا۔

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ 10 کروڑ بیرل میں خام تیل، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کا الگ الگ حصہ کتنا ہوگا اور ہر ملک کتنی مقدار جاری کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ڈیزل کے مزید ذخائر جاری کرنے کے معاملے پر آنے والے دنوں میں بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے تحت بات چیت کی جائے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی سیون کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔ اس سے قبل امریکی انتظامیہ کی جانب سے بعض یورپی ممالک پر ہنگامی ڈیزل ذخائر مارکیٹ میں لانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

جی سیون ممالک نے ایک دوسرے کے درمیان توانائی کی مصنوعات کی برآمد پر پابندیاں عائد نہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

عالمی ڈیزل مارکیٹ پہلے ہی سپلائی کے دباؤ کا شکار ہے، جبکہ ایران جنگ کے باعث خلیجی خطے سے ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے، روسی ڈیزل برآمدات پر پابندی اور چین کی جانب سے بعض ایندھن مصنوعات کی برآمدات محدود کیے جانے سے عالمی مارکیٹ پر مزید دباؤ بڑھا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.