اسلام آباد- 26 نومبر احتجاج کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، جنید اکبر اور دیگر ملزمان کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، جبکہ پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان پیش نہ کیے جانے پر سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ مقدمے کا چالان جلد پیش کیا جائے۔
عدالت نے سہیل آفریدی، جنید اکبر اور دیگر کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔