تازہ ترین

سعودی عرب اور امارات کی قیادت میں اہم ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

0

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان ریاض میں اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یمن سمیت خطے میں سکیورٹی صورتحال مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

ملاقات سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیراعظم و چیئرمین صدارتی عدالت شیخ منصور بن زاید النہیان کے درمیان ہوئی۔ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ساتھ خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

شیخ منصور بن زاید نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے سعودی ولی عہد کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، جبکہ شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی اماراتی صدر کیلئے اپنے تہنیتی جذبات کا اظہار کیا۔

یمن کی صورتحال کے تناظر میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پالیسی اختلافات گزشتہ عرصے کے دوران نمایاں رہے ہیں، تاہم حالیہ ملاقات میں دونوں ممالک کی قیادت نے باہمی تعلقات اور علاقائی امور پر بات چیت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.