تازہ ترین

جناح پیپلز ٹرین سے بلوچستان کے عوام کو جدید اور کم خرچ سفری سہولت میسر آئے گی، سرفراز بگٹی، حنیف عباسی

0

کوئٹہ میں شہریوں کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں سریاب سے کچلاک کے درمیان بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ میٹرو ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ جناح پیپلز ٹرمینل سروس کے افتتاح کے ساتھ ہی 32 کلومیٹر طویل ریلوے روٹ پر شہریوں کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کا ایک نیا باب کھل گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جناح پیپلز ٹرین سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی و وفاقی وزراء، اعلیٰ افسران، سیاسی شخصیات، ریلوے حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جناح پیپلز ٹرین سروس سریاب اور کچلاک کے درمیان 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک پر چلائی جائے گی، جس کیلئے شہریوں کی سہولت کے پیش نظر 7 اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ دو بوگیوں پر مشتمل ٹرین میں بیک وقت 198 مسافروں کے بیٹھنے جبکہ 30 مسافروں کے کھڑے ہوکر سفر کرنے کی گنجائش ہے۔

ٹرین سروس کا مقصد کچلاک، سریاب اور ملحقہ علاقوں سے کوئٹہ شہر آنے جانے والے طلبہ، ملازمین، مزدوروں، کاروباری افراد، خواتین اور عام شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ اس سے شہر کی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی لانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میٹرو ٹرین سروس کے آغاز کے معاملے میں ملک کے دیگر صوبوں سے آگے نکل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ریلوے نظام تاریخی اور خوبصورت ہے اور ملک کے کسی دوسرے صوبے میں اس نوعیت کا ریلوے نظام موجود نہیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ 120 روز میں اسی طرز کی ایک اور ٹرین چلائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کا آغاز جنوری میں ہوگا اور یہ منصوبہ تقریباً 2 ارب ڈالر مالیت کا ہے۔

جناح پیپلز ٹرمینل سروس کیلئے کرایہ 50 سے 100 روپے تک تجویز کیا گیا ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو کم اخراجات میں باقاعدہ سفری سہولت میسر آئے گی۔ سروس سے کچلاک، سریاب اور اطراف کے علاقوں سے روزانہ کوئٹہ آنے والے طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین، مزدوروں، کاروباری افراد اور عام شہریوں کے سفری اخراجات اور وقت میں بچت متوقع ہے۔

گرین اور پنک بس سروس کے بعد جناح پیپلز ٹرین سروس کوئٹہ کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اور اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.