قطر نے نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دیدیا
قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو جنگی جرائم سے متعلق ذمہ دار افراد میں شامل قرار دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے قطری وزیراعظم سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ نیتن یاہو کو جنگی مجرم سمجھتے ہیں۔ اس پر انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہونے والے واقعات جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں اور ان کے ذمہ دار افراد کو جواب دہ ہونا چاہیے۔ مزید سوال پر انہوں نے نیتن یاہو کو بھی ان افراد میں شامل قرار دیا۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے 7 اکتوبر کے حماس حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے اسے قتل عام قرار دیا اور کہا کہ اس واقعے کے ذمہ دار افراد کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
قطری وزیراعظم نے قطر پر حماس کو مالی معاونت فراہم کرنے اور امریکا میں اثرانداز ہونے سے متعلق اسرائیلی الزامات کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت نے قطر کے خلاف ایسی مہم چلائی جس کا مقصد ثالث کی حیثیت سے دوحہ کے کردار کو کمزور کرنا تھا۔
رپورٹ کے مطابق قطر غزہ کے معاملے پر فریقین کے درمیان سفارتی کوششوں اور ثالثی کے کردار کو جاری رکھنے پر زور دیتا رہا ہے۔