تازہ ترین

لبنان کی صورتحال نے بڑی طاقتوں پر بھروسہ کرنے والوں کو ذلت سے دوچار کردیا، مجتبیٰ خامنہ ای

0

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے لبنان کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بیرونی طاقتوں کے وعدوں پر انحصار کرنے والوں کو خبردار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ لبنان میں موجودہ حالات نے ان لوگوں کو ذلت اور رسوائی سے دوچار کردیا ہے جو بالادست طاقتوں کے جھوٹے وعدوں پر اپنی امیدیں قائم کرتے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے مختصر بیان میں کسی ملک یا حکومت کا نام نہیں لیا، تاہم ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان خطے میں جاری کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے اثرات کا سامنا کر رہا ہے۔

لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان کشیدگی بھی خطے میں جاری وسیع تر تنازع کا اہم حصہ ہے، جبکہ ایران طویل عرصے سے حزب اللہ کی حمایت کو اپنی علاقائی پالیسی کا اہم جزو قرار دیتا رہا ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی اور سفارتی حل کے لیے ثالثی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ قطر سمیت مختلف فریق دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم اہم معاملات پر دونوں جانب اختلافات برقرار ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر اس سے قبل بھی آبنائے ہرمز، علاقائی کشیدگی اور ایران کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے سخت بیانات دے چکے ہیں۔ ان کے تازہ بیان کو بھی لبنان کی صورتحال اور خطے میں جاری وسیع تر کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.