تازہ ترین

وزیراعظم عوام کو فوری ریلیف دیں ورنہ لانگ مارچ ملتان سے نکلے گا،لیاقت بلوچ

0

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے، بصورت دیگر جماعت اسلامی کا ملک گیر لانگ مارچ ملتان سے شروع کیا جائے گا۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف لانگ مارچ کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات یا کمیٹیوں کے نام پر غیر معینہ مدت تک انتظار نہیں کیا جاسکتا۔

لیاقت بلوچ نے ملک میں حکمرانی اور انتظامی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ناقص طرز حکمرانی کے باعث سیاسی، معاشی اور قومی سلامتی کے معاملات میں مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ صورتحال کے پیچھے سول و عسکری حکمرانی اور خاندانی سیاست کا کردار ہے، جس سے ان کے بقول پارلیمان اور جمہوری ادارے کمزور ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے اٹھنے والے اعتراضات نے اسمبلیوں کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے سرکاری اداروں اور بیوروکریسی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں اپنے آئینی دائرہ کار اور اٹھارہویں ترمیم کے تقاضوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد نہیں کر رہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملکی مسائل کے حل کے لیے ایک قومی ایجنڈا رکھتی ہے اور تمام سیاسی قیادت کو دعوت دیتی ہے کہ قومی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور اتفاق رائے کے ذریعے مشترکہ ایجنڈا تشکیل دیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے آزاد عدلیہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے ساتھ حکمرانوں کی غیر ضروری مراعات اور اخراجات بھی ختم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بھی تاحال نہیں ہوسکی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں، اس صورتحال میں قومی ایکشن پلان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومتی نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

لیاقت بلوچ نے ملک بھر میں بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں طویل عرصے سے مقامی حکومتوں کے انتخابات نہیں ہوئے، جبکہ اسلام آباد میں بھی بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر مسلسل تاخیر ہوتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکمران عوامی مسائل کے حل کے بجائے روایتی ٹال مٹول سے کام لیتے رہے تو احتجاج میں مزید شدت آسکتی ہے۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں صومالی فورسز کے آپریشن کے دوران قزاقوں کی فائرنگ سے تین پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے مختلف سطحوں پر آواز اٹھائی گئی اور احتجاج بھی کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.