وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم دہشت گرد عناصر کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی، جبکہ ریاست مؤثر حکمت عملی کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے کولپور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے منسلک آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے، شہریوں کو خوفزدہ کرنے اور قومی شاہراہوں پر معمولاتِ زندگی متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کولپور، کردگاپ اور نوشکی سمیت مختلف علاقوں میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ پر سیکیورٹی اقدامات عوام کے تحفظ اور محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے ریاستی اداروں کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے وطن کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم اپنے شہدا کو عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔
انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد جدید ڈرون ٹیکنالوجی، بارودی مواد اور دیگر تخریبی ذرائع استعمال کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم ایسے ہتھکنڈوں سے ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ دہشت گردی کے بدلتے ہوئے طریقہ کار کے پیش نظر ریاستی ادارے اپنی حکمت عملی اور استعدادِ کار کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، معاشی سرگرمیوں کا فروغ، سرمایہ کاری اور عوام کی معمول کی زندگی کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے اہداف ہیں۔ دہشت گردی کے ذریعے صوبے کی ترقی کا سفر روکنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست کی اجتماعی حکمت عملی کا عکاس ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔