دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں، معاون اطلاعات بلوچستان شاہد رند
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشنز فورسز کے پیشہ ورانہ عزم اور صلاحیتوں کا واضح مظہر ہیں۔
اپنے بیان میں شاہد رند نے کولپور میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے منسلک آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کو اہم کامیابی قرار دیا۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، جبکہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر مسلح ڈرونز کے ذریعے حملے کی مذمت کرتے ہوئے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
معاون اطلاعات نے کہا کہ دہشت گرد عناصر جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور بارودی مواد کے ذریعے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ان بدلتے ہوئے خطرات سے پوری طرح آگاہ ہیں۔
انہوں نے کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ سمیت اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی اقدامات اور گشت مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے کلیئرنس آپریشنز اور سیکیورٹی کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ ریاست امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔