بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف چیمبرز کے ساتھ معاہدے
بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صوبائی سرمایہ کاری بورڈ نے مختلف تجارتی و کاروباری اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مقامی کاروباری برادری کے درمیان روابط مضبوط بنانا اور صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کو عملی شکل دینا ہے۔
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن صوبے کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے، جس کے لیے صوبائی حکومت اور سرمایہ کاری بورڈ مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2026 کے سلسلے میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور مختلف تجارتی و کاروباری اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مفاہمتی یادداشتوں پر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹریز، ویمن چیمبر آف کامرس اور پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے ساتھ دستخط کیے گئے۔
اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر مرزا خان خلجی، سابق صدر حاجی ایوب مریانی، کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹریز کے سرپرست اعلیٰ حاجی ولی محمد، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر حاجی دارو خان اچکزئی، ویمن چیمبر کی فرزانہ کریم بلوچ اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔
بلال خان کاکڑ نے بتایا کہ 18 اور 19 نومبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونے والی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع اجاگر کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں مختلف چیمبرز آف کامرس کو شراکت دار بنایا گیا ہے تاکہ کاروباری برادری کی فعال شرکت یقینی بنائی جا سکے اور مقامی صنعت کاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جائے۔
وائس چیئرمین کے مطابق بلوچستان میں معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی گیری، توانائی اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاری بورڈ ان مواقع کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے کاروباری برادری اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف چیمبرز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا، کاروباری روابط مستحکم کرنا، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اور صوبے کی مصنوعات کو قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
بلال خان کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نجی شعبے اور کاروباری برادری کے تعاون سے صوبے میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔