گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے گردگاپ اور کولپور کے گردونواح میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ ہر قسم کی تخریب کاری اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ دہشت گردی محض ایک پرتشدد کارروائی نہیں بلکہ خوف و وحشت پر مبنی ایک ذہنیت ہے، جس کا خاتمہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
گورنر نے شہدا کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے۔