پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سرکاری دورے کے دوران ازبکستان کی اعلیٰ دفاعی قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی سیکیورٹی، دوطرفہ دفاعی تعلقات اور عسکری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر چیف نے ازبکستان کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بوٹیر قودرت خودجایف بہرومووچ اور نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس میجر جنرل برخانوف احمد جمالووچ سے ملاقاتیں کیں۔
ازبکستان کے وزیر دفاع سے ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی، موجودہ دفاعی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ازبک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی استعداد کو سراہا۔
نائب وزیر دفاع اور ازبک فضائی دفاع و فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں، منظم پیشہ ورانہ تبادلوں اور استعداد کار میں اضافے کے ذریعے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔
ایئر چیف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ دونوں جانب سے آپریشنل تیاری اور جدید ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔