وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے کامیاب اختتام کو ملک کی معدنی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ فورم کا اختتام کیا، جس میں 60 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وزیر اطلاعات کے مطابق فورم کے دوران سرمایہ کاری کے اہم اعلانات کیے گئے اور 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے جیو پورٹل کا افتتاح بھی کیا گیا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے پاکستان کے معدنی وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ملک کے مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔