سنسنی خیز مقابلہ، پاکستان 337 رنز بنانے کے باوجود ایشیا کپ فائنل ہار گیا
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ بھارتی ٹیم نے 338 رنز کا ہدف 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
الامارات میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کی جانب سے کپتان کشیا رائے چندانی نے 80 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ آریاویر سہواگ 58 اور منال چوہان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ وی کے وینیتھ نے 24، انوے ڈراوڈ نے 19 اور ارجن راجپوت نے 16 رنز بنائے۔
یشبردن چوہان اور آریان سوسانی 9، 9 جبکہ کاویا پریش پٹیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ موہت الوا نے 49 اور چگُوروپتی ونکٹا نے 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلائی۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے 3 اور نقاب شفیق نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا، محمد صیام اور حسنین ڈار نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے تھے۔ اوپنر عثمان خان نے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ عبدالقادر نے 80 اور کپتان فرحان یوسف نے 63 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے دیگر بلے بازوں میں حیام خان 21، احمد حسین 17، نقاب شفیق 11، حمزہ ظہور 10، محمد صیام 7 اور حسنین عباس ڈار 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رضوان اللہ 4 اور علی رضا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے کاویا پریش پٹیل نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ چگُوروپتی ونکٹا نے 3 اور ارجن راجپوت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یوں پاکستان کی جانب سے 337 رنز کا بڑا مجموعہ بنانے کے باوجود بھارتی ٹیم نے آخری وکٹوں کی شراکت سے ہدف حاصل کرکے ایشیا کپ کی ٹرافی جیت لی۔