تازہ ترین

پاکستان کی صدارت میں علاقائی تعاون کے فروغ پر ای سی او اجلاس آج سے شروع ہوگا

0

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے، جو دو روز تک جاری رہے گا۔ اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ سطح کے وفود، تنظیم کے سیکریٹریٹ اور ذیلی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

وزارتی اجلاس سے قبل رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں، جاری منصوبوں اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران وزارتی اجلاس کے ایجنڈے اور مجوزہ دستاویزات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی صدارت کر رہا ہے۔ اس دوران پاکستان تنظیم کی سرگرمیوں کو ’’علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او‘‘ کے موضوع کے تحت آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی ترجیحات میں علاقائی رابطوں اور معاشی تعاون کا فروغ، رکن ممالک کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانا اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں شامل ہیں۔

پاکستان خطے میں تجارتی اور مواصلاتی رابطوں کا اہم مرکز بننے، سامان کی ترسیل اور رسد کے نظام کو بہتر بنانے اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کرے گا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنے والے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بات چیت سے علاقائی تعاون اور مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں شرکت کے لیے شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارتغرلو اوغلو بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں ایئرپورٹ پر وزارت خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.