تازہ ترین

دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت سے جاری رہیں گے، وزیراعظم

0

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب سیکیورٹی آپریشنز پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم ’فتنۃ الہندوستان‘ کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرأت کو سراہا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

وزیراعظم نے کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ این 40 پر گشت کے دوران دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خطے کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششیں کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ملک کے امن و سلامتی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.