گھر صرف عمارت نہیں، انسان کی شناخت اور تحفظ کا احساس ہے، شاہ رخ خان
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے دبئی میں ایک لگژری رہائشی منصوبے کی تقریب کے دوران اپنے بچپن کی یادیں شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بچپن میں اپنا گھر نہ ہونے کی محرومی نے ان کے اندر گھر خریدنے کی خواہش کو مزید مضبوط کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی جس شہر میں جاتے ہیں، وہاں اپنا گھر خریدنے کا خیال ذہن میں آتا ہے۔
11 نومبر کو دبئی کے کوکا کولا ایرینا میں ڈینیوب پراپرٹیز کے رہائشی منصوبے ’شارخز ریزیڈنسز‘ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شاہ رخ خان نے شرکت کی۔ تقریب میں ان کی اہلیہ گوری خان، بھاونا پانڈے اور ماہیپ کپور بھی موجود تھیں۔
شاہ رخ خان سیاہ سوٹ میں تقریب میں شریک ہوئے، جبکہ ان کے قریبی دوست اور فلم ساز کرن جوہر نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔ دونوں کے درمیان گفتگو کا انداز کرن جوہر کے معروف پروگرام ’کافی ود کرن‘ جیسا رہا، جہاں برجستہ جملوں، تیز رفتار سوالات اور خوش گپیوں نے تقریب کو مزید دلچسپ بنادیا۔ اس موقع پر شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے ایک نئے گانے پر اسٹیج پر رقص بھی کیا۔
گھر کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ گھر محض ایک عمارت نہیں بلکہ انسان کی شناخت، وقار اور جذبات سے جڑا ہوتا ہے۔ ان کے مطابق گھر کی اصل قدر اس کی قیمت میں نہیں بلکہ اس احساس میں ہے جو وہاں رہنے والوں کو اپنائیت اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ وہ جس شہر میں بھی جاتے ہیں، وہاں گھر خریدنے کا خیال ذہن میں آتا ہے، تاہم ان کے بچے انہیں یاد دلاتے ہیں کہ وہ دنیا کے ہر شہر میں گھر نہیں بنا سکتے۔ ان کے مطابق شاید بچپن میں اپنا گھر نہ ہونے کا احساس ہی اس خواہش کی وجہ ہے۔
شاہ رخ خان نے ممبئی میں اپنے سمندر کنارے واقع مشہور گھر ’منت‘ کی خریداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شاید مالی اعتبار سے یہ ان کا سب سے زیادہ عملی فیصلہ نہیں تھا، لیکن گھر خریدنے جیسے بعض فیصلے حساب کتاب کے بجائے دل کی آواز پر کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے اپنے نام سے منسوب رہائشی منصوبے پر خوشی اور عاجزی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ انتہائی قابلِ احترام احساس ہے کہ لوگ ایسی رہائش گاہ خریدیں گے جس کے نام کے ساتھ ان کا نام جڑا ہوگا۔
تقریب کے دوران گوری خان کا ذکر بھی ہوا، جنہوں نے دبئی کے اس واٹر فرنٹ منصوبے کے پینٹ ہاؤسز کا ڈیزائن تیار کیا ہے۔ گوری خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’منت‘ کا ڈیزائن بنانا ان کے لیے نسبتاً آسان تھا، کیونکہ گھر میں عموماً سب لوگ ان کے انتخاب سے اتفاق کرلیتے ہیں۔
شاہ رخ خان نے گھر کو روزمرہ زندگی کی مصروفیات اور مشکلات سے دور ایک پُرسکون جگہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندگی میں اچھے اور برے دن آتے رہتے ہیں، لیکن گھر واپس آنے کے بعد انسان کو خود کو تازہ دم کرنے اور دوبارہ زندگی کا سامنا کرنے کے لیے توانائی حاصل ہونی چاہیے۔
یہ منصوبہ شاہ رخ خان اور ڈینیوب پراپرٹیز کے بانی رضوان ساجن کا ایک اور مشترکہ منصوبہ ہے۔ اس سے قبل بھی دونوں کے درمیان اداکار کے نام سے منسوب ایک کمرشل ٹاور کے حوالے سے اشتراک ہوچکا ہے۔ ’شارخز ریزیڈنسز‘ دبئی میری ٹائم سٹی میں واقع ہے۔
گھر خریدنے کے خواہش مند افراد کو مشورہ دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ بڑے خواب دیکھنے چاہئیں، یقین مضبوط رکھنا چاہیے اور خود پر بھروسا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انسان پورے دل سے گھر چاہتا ہے تو اللہ اس کے لیے اسے ممکن بنا دیتا ہے۔