خوشحال خان نے رمشا کو اداکاری چھوڑنے پر مجبور کرنے کی خبروں کی تردید کردی
پاکستانی اداکار خوشحال خان نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ رمشا خان کے شوبز سرگرمیوں اور سوشل میڈیا سے دور رہنے کے فیصلے پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ مکمل طور پر ان کا ذاتی انتخاب تھا اور انہوں نے اس حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔
خوشحال خان نے حال ہی میں میزبان حسن چوہدری کے پروگرام میں شرکت کے دوران مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ رمشا کے پیشہ ورانہ مستقبل سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی دوسرے شخص کی زندگی کے فیصلوں پر حکم چلانے کا حق حاصل نہیں۔
اداکار نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو اداکاری چھوڑنے پر مجبور کیا تھا۔ ان کے مطابق رمشا نے اپنی مرضی سے یہ فیصلہ کیا اور وہ اس پر پوری طرح قائم تھیں۔ خوشحال نے دونوں کے درمیان ہونے والی ایک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے رمشا سے پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنے فیصلے کے بارے میں پُرعزم ہیں؟ جس پر رمشا نے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اظہار کیا۔
خوشحال خان کے مطابق رمشا نے مذاق میں انہیں خبردار بھی کیا تھا کہ وہ ان کے فیصلے پر سوال نہ اٹھائیں۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ان کے پشتون پس منظر کی وجہ سے اس معاملے کو کسی خاص زاویے سے دیکھا جارہا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ، بھائی یا خاندان کے کسی دوسرے فرد کے لیے بھی اس نوعیت کے فیصلے نہیں کریں گے، چہ جائیکہ اپنی اہلیہ پر کوئی پابندی عائد کریں۔
خوشحال نے بتایا کہ رمشا نے سوشل میڈیا پر منفی رویوں اور ناخوشگوار تجربات کے باعث اس پلیٹ فارم سے دور رہنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ اب وہ وہاں پہلے جیسا سکون محسوس نہیں کرتی تھیں۔
واضح رہے کہ خوشحال خان اور رمشا خان کی شادی کے بعد اداکارہ کی سوشل میڈیا پر غیر فعالیت اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے دوری کے معاملے پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا تھا کہ آیا خوشحال خان نے انہیں اداکاری جاری رکھنے سے منع کیا ہے، تاہم اداکار نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ رمشا نے اپنی مرضی سے کیا تھا۔