تازہ ترین

پاکستان نے آئی ایم ایف کی چار میں سے تین مالیاتی شرائط پوری کرلیں

0

پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی چار میں سے تین اہم مالیاتی شرائط پوری کرلی ہیں، تاہم قومی اہمیت کے منصوبوں اور سیکیورٹی اخراجات کے لیے چاروں صوبوں سے طے شدہ سالانہ گرانٹ کا صرف 6 فیصد وصول ہوسکا۔

وزارت خزانہ کے مطابق جولائی تا ستمبر کے دوران چاروں صوبوں نے مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑ روپے نقد گرانٹ فراہم کی، جبکہ جون میں وفاق اور صوبوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت رواں مالی سال میں صوبوں نے مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے فراہم کرنے ہیں۔

موصول ہونے والی رقم میں پنجاب کا حصہ سب سے زیادہ 32 ارب 50 کروڑ روپے رہا، سندھ نے 8 ارب 50 کروڑ، خیبرپختونخوا نے 12 ارب 70 کروڑ جبکہ بلوچستان نے 3 ارب 70 کروڑ روپے فراہم کیے۔ خیبرپختونخوا حکومت اس سے قبل صوبائی گرانٹ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔

مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق چاروں صوبے ٹیکس وصولیوں کا آئی ایم ایف ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے، تاہم انہوں نے نقد سرپلس پیدا کرنے کا مقررہ ہدف پورا کرلیا۔ وفاقی حکومت بھی پرائمری بجٹ سرپلس اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

پہلی سہ ماہی کے لیے پرائمری بجٹ سرپلس کا ہدف ایک ہزار 950 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، تاہم وفاقی حکومت نے 2 ہزار 970 ارب روپے کا سرپلس ظاہر کیا، جو مجموعی قومی پیداوار کا 2.1 فیصد بنتا ہے۔ اضافی سرپلس کی بڑی وجہ اسٹیٹ بینک کا سالانہ منافع پہلی سہ ماہی کی آمدن میں شامل کرنا تھا۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک کا منافع گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 20 فیصد یعنی 495 ارب روپے کم ہو کر تقریباً ایک ہزار 900 ارب روپے رہ گیا۔

چاروں صوبوں نے مجموعی طور پر 599 ارب روپے کا نقد سرپلس پیدا کیا، جو آئی ایم ایف کے مقررہ ہدف سے 83 ارب روپے زیادہ تھا۔ تاہم صوبائی حکومتوں کی ٹیکس وصولیاں 301 ارب روپے رہیں، جو مقررہ ہدف سے 88 ارب روپے کم تھیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی تا ستمبر کے دوران 3 ہزار 89 ارب روپے ٹیکس جمع کیے، جبکہ اس کا ہدف 3 ہزار 30 ارب روپے تھا۔ اس طرح ایف بی آر نے سہ ماہی ہدف تقریباً 60 ارب روپے سے تجاوز کرکے حاصل کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ متوقع ہے، جس میں تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی قرض اقساط کی منظوری دی جا سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.