معدنی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈین معدنیاتی کمپنی آئیونہو مائنز کو پاکستان میں تانبے، سونے اور اہم معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے حکومتی تعاون اور سہولتوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے آئیونہو مائنز کے بانی اور شریک ایگزیکٹو چیئرمین رابرٹ فریڈلینڈ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے کمپنی کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں تانبے، سونے اور دیگر اہم معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جبکہ بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے اس شعبے کو ترقی دینے اور معاشی نمو میں اضافہ کرنے کے مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرے گی اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کمپنی کے سرمایہ کاری منصوبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔
انہوں نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر ہونے والے مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کا بھی خیرمقدم کیا اور اسے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
رابرٹ فریڈلینڈ نے پاکستان کی معدنی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ دورہ کرنے والے وفد نے معاشی اصلاحات اور علاقائی استحکام کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا۔