تازہ ترین

عالمی سرمایہ کار سکوک میں کم دلچسپی لے رہے ہیں، سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے، وزیر خزانہ

0

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے اسلامی مالیاتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریژری بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں بیرونی سرمایہ کاری کے مثبت رجحان کے باوجود حکومتی سکوک میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی توقعات سے کم ہے۔

اسلام آباد میں حکومتی سکوک کے اجرا کے 10 کھرب روپے کا سنگ میل عبور کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ 2026 کے دوران پاکستان کے خودمختار سکوک کے اجرا میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 113 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نے مالی وسائل کے ذرائع متنوع بنانے اور اسلامی کیپٹل مارکیٹ کو وسعت دینے کے لیے نئے ہائبرڈ اور مختصر مدت کے شرعی مالیاتی آلات بھی متعارف کرائے ہیں۔

محمد اورنگزیب کے مطابق 2026 میں پاکستان کے سکوک کا اجرا بڑھ کر 4.4 کھرب روپے ہوگیا، جو ایک سال پہلے تقریباً 2 کھرب روپے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران سکوک کے اجرا کی مرکب سالانہ شرح نمو تقریباً 22 فیصد رہی، جبکہ 2020 میں اس کا حجم تقریباً 761 ارب روپے تھا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ 10 کھرب روپے کے اجرا کا سنگ میل صرف مالی حجم میں اضافے کی عکاسی نہیں کرتا بلکہ اس کے ذریعے سکوک مارکیٹ کو متنوع بنانے اور حکومتی مالیاتی ذرائع میں لچک پیدا کرنے کی کوششیں بھی سامنے آتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف شرعی طریقہ کار پر مشتمل ہائبرڈ حکومتی سکوک متعارف کرائے گئے ہیں، جن سے حکومت کی ملکیت میں موجود اثاثوں کے استعمال میں زیادہ لچک پیدا ہوگی۔ اس کے علاوہ تین سے چھ ماہ کی مدت کے مختصر مدتی سکوک بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جس سے مارکیٹ میں موجود ایک اہم خلا پُر کرنے اور مختلف مدتوں کے لیے شرعی منافع کی شرح کا جامع نظام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

محمد اورنگزیب نے نشاندہی کی کہ اسپیشل کنورٹیبل روپے اکاؤنٹس کے ذریعے ٹریژری بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں غیر ملکی سرمایہ کاری آنے کے باوجود سکوک میں بیرونی سرمایہ کاری توقعات کے مطابق نہیں ہے۔ انہوں نے بینکوں، پرائمری ڈیلرز، بروکرز اور دیگر مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ عالمی سرمایہ کاروں کو حکومتی سکوک میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا دائرہ شرعی مالیاتی ذرائع تک بھی وسیع کریں۔

وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عام شہریوں کی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکوک میں صرف بڑے اداروں اور سرمایہ کاروں تک مواقع محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ڈیجیٹل ذرائع سے عام افراد بھی کم از کم 5 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کرسکیں۔

کارپوریٹ قرضہ مارکیٹ کی ترقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت لسٹڈ سکوک کے اجرا کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ وزارت توانائی نے نیشنل ڈیٹ کمپنی کو پہلا مینڈیٹ جاری کردیا ہے، جو اپنے پہلے لسٹڈ سکوک کے اجرا پر کام کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ اس اجرا سے دیگر کارپوریٹ اداروں کے لیے بھی مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

محمد اورنگزیب نے سکوک کے اجرا اور تجارت کے لیے جامع نظام تشکیل دینے کی غرض سے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، اسٹیٹ بینک، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے درمیان مربوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اسلامی کیپٹل مارکیٹ کو گہرا، متنوع اور زیادہ فعال بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے حکومت، ریگولیٹری اداروں، مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے اسلامی مالیات کے فروغ کے لیے سیکھنے، باہمی تفہیم، غور و فکر اور تعاون کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے معاشی اور مالیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مالیاتی ماہرین اور علمائے کرام کے درمیان تعمیری مکالمہ اور اجتہاد ضروری ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ اختلافات کے بجائے مشترکہ نکات پر توجہ دیں تاکہ پاکستان کی اسلامی مالیاتی مارکیٹ کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.