اسپین میں مہنگائی اور مہنگے کرایوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال، نظامِ زندگی متاثر
میڈرڈ: مہنگائی، مکانوں کے بڑھتے کرایوں اور رہائشی مسائل نے اسپین میں عوامی غم و غصے کو احتجاج میں بدل دیا، جہاں 14 سال بعد ملک گیر عام ہڑتال کے باعث ٹرانسپورٹ، صنعتی سرگرمیاں اور متعدد عوامی خدمات متاثر ہوئیں۔ ہڑتال میں مزدور تنظیموں کے ساتھ کرایہ داروں کی انجمنوں نے بھی شرکت کی، جبکہ مختلف شہروں میں مظاہروں کے دوران 40 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بدھ کو ہونے والی اس ہڑتال میں اسپین کی دو بڑی مزدور تنظیموں سمیت کرایہ داروں کی انجمنیں بھی شریک ہوئیں۔ میڈرڈ اور بارسلونا سمیت کئی شہروں میں سڑکیں بند رہیں، ٹریفک کا نظام متاثر ہوا اور عوامی ٹرانسپورٹ کی سرگرمیاں بھی معطل رہیں۔ بعض مقامات پر مظاہرین نے ٹائر بھی جلائے۔
پولیس کے مطابق ہڑتال سے متعلق مختلف واقعات میں 40 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ احتجاج کی ایک بڑی وجہ 87 سالہ خاتون ماری کارمین اباسکال کی بے دخلی بھی بنی، جو میڈرڈ میں تقریباً 70 برس سے رہائش پذیر تھیں۔ نئے مالکان کی جانب سے کرایہ بڑھائے جانے کے بعد انہیں اپنا گھر چھوڑنا پڑا اور چند ہفتوں بعد وہ اسپتال میں انتقال کر گئیں۔
رپورٹ کے مطابق میڈرڈ میں 50 مربع میٹر کے مکان کا اوسط ماہانہ کرایہ اکتوبر میں بڑھ کر ایک ہزار 170 یورو تک پہنچ گیا، جو اسپین کی اوسط مجموعی ماہانہ تنخواہ کا تقریباً نصف بنتا ہے۔ رہائشی اخراجات میں اضافے کو احتجاج کی اہم وجوہات میں شامل کیا گیا ہے۔
اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے ہڑتال کی حمایت کی، تاہم اپوزیشن جماعتوں نے اسے 29 نومبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل سیاسی مہم قرار دیا ہے۔
مزدور تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ ملک بھر میں تقریباً 40 لاکھ افراد نے ہڑتال میں حصہ لیا، جبکہ کاروباری تنظیموں نے اس کے اثرات کو مختلف علاقوں اور شعبوں تک محدود قرار دیا ہے۔