صاف توانائی کے اہداف کے لیے پاکستان کو 2035 تک 138 ارب ڈالر درکار ہوں گے، وزیراعظم
انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو صاف اور کم کاربن توانائی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے 2035 تک تقریباً 138 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہوگی، جبکہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کی جگہ شمسی توانائی کو فروغ دینے کے لیے مزید 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کو سستے قرضوں، مالی معاونت اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے صاف توانائی کی جانب منتقلی میں مدد فراہم کی جائے۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کے موقع پر اعلیٰ سطح کے مکالمے ’35 بائی 35: پاورنگ دی فیوچر‘ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ دو برس کے دوران تقریباً 22 گیگاواٹ روف ٹاپ سولر بجلی کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق یہ تبدیلی عام شہریوں کی جانب سے سستی، ماحول دوست اور قابلِ اعتماد توانائی کے حصول کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
شہباز شریف نے ’35 بائی 35 گلوبل الیکٹریفکیشن پلیج‘ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی عہد کے تحت 2035 تک مجموعی حتمی توانائی کے استعمال میں بجلی کا حصہ تقریباً 35 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر چشما نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے قومی توانائی کے نظام میں 1200 میگاواٹ صاف توانائی شامل ہوگی، جس سے بجلی کی ضروریات پوری کرنے اور توانائی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مجموعی توانائی مکس میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جبکہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نئی مجوزہ آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی فروخت ہونے والی گاڑیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
شہباز شریف کے مطابق اس مقصد کے لیے کم ٹیرف کے ذریعے مراعات دی جائیں گی، جبکہ حکومت مستقبل میں خریدی جانے والی تمام بسیں اور موٹرسائیکلیں بھی الیکٹرک رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر 10 موٹرسائیکلوں میں سے ایک سے زیادہ الیکٹرک موٹرسائیکلیں تھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ صاف توانائی کی جانب پاکستان کی پیش رفت حقیقی ہے اور اس میں تیزی آ رہی ہے، تاہم اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے مالی وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔ بجلی کی ترسیل کے نظام کو وسعت دینے، اسے قابلِ اعتماد بنانے اور توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ نئی ٹیکنالوجیز کو عوام کی دسترس میں لانا ضروری ہے، لیکن اس عمل کا مالی بوجھ پہلے ہی قرضوں کے دباؤ کا شکار ترقی پذیر ممالک کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف توانائی کے عالمی اہداف اسی صورت حاصل کیے جا سکتے ہیں جب عالمی عزائم کے مطابق مالی معاونت بھی فراہم کی جائے۔
شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے جس سے معیشتوں کو توانائی فراہم کرنے کے ساتھ عوام کو غربت سے بھی محفوظ رکھا جا سکے اور ماحولیاتی تباہی کے خطرات کم ہوں۔ انہوں نے کانفرنس کے موقع پر اہم مکالمے کے انعقاد پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ کوپ 31 ماحولیاتی کانفرنس میں تقریباً 200 ممالک کے وفود شریک ہیں، جہاں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، صاف توانائی کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی اور ترقی پذیر ممالک کو درکار مالی معاونت کے معاملات زیرِ بحث ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں کویت کے وزیراعظم احمد عبداللہ الاحمد الصباح سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی تعاون اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال، امن و سلامتی کے چیلنجز اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے باہمی خوشحالی، علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔