تازہ ترین

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر ہنگامی معاونت کی منظوری

0

اسلام آباد: قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے خطرات اور ان سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی ہنگامی مالی معاونت فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سہولت کے تحت سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کی صورت میں ملک کو فوری بجٹ معاونت دستیاب ہو سکے گی، جس سے قومی خزانے اور معیشت پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے باعث سالانہ اوسطاً 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ 2022 کے تباہ کن سیلابوں کے نتیجے میں 14 ارب 90 کروڑ ڈالر کا براہِ راست نقصان اور 15 ارب 20 کروڑ ڈالر کا معاشی خسارہ ہوا تھا، جبکہ ان حالات کے باعث 91 لاکھ افراد غربت کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔

ماہرین کے مطابق قدرتی آفات سے غریب اور دیہی آبادی سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے، جبکہ خواتین اور بچیوں کو بھی ان حالات میں اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اے ڈی بی کے کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس انہانسمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، خطرات کے مؤثر انتظام اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں حفاظتی اقدامات شامل کرنے کے لیے اصلاحات کی حمایت کی جائے گی۔

اس پروگرام کا مقصد قدرتی آفات کے بعد فوری مالی وسائل کی دستیابی بہتر بنانا اور پاکستان کے ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ نظام کو مزید مضبوط کرنا بھی ہے۔

پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد عموماً کمزور اور محروم طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق پیشگی تیاریوں پر سرمایہ کاری سے انسانی جانوں اور روزگار کا تحفظ ممکن ہے، جبکہ معاشی نقصانات کم کرنے اور ترقیاتی کامیابیوں کو محفوظ بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

ایما فین کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام پاکستان کو اہم اصلاحات پر عمل درآمد اور مستقبل کو زیادہ محفوظ اور مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی قومی ترجیحات اور ایشیا و بحرالکاہل کے خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خلاف مضبوط نظام کو فروغ دینے کے لیے اے ڈی بی کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.