روس اور یوکرین تاریخ کے سب سے بڑے قیدیوں کے تبادلے پر متفق، امریکی ثالثی میں اہم پیش رفت
ابوظہبی: روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی ثالثی میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے تاریخ کے سب سے بڑے قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کر لیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس انسانی بنیادوں پر طے پانے والے معاہدے کی حتمی تفصیلات اور قیدیوں کی تعداد کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، تاہم جنگ بندی کے حوالے سے کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی ایلچی جیرڈ کوشنر نے کہا کہ مذاکرات کی سب سے بڑی کامیابی دونوں فریقین کا تاریخی سطح پر قیدیوں کی رہائی پر رضامند ہونا ہے۔
روسی نمائندے ولادی میر میدنسکی اور یوکرینی مذاکرات کار رستم عمیروف نے بھی بڑے پیمانے پر قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی تصدیق کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ رہائی پانے والے قیدیوں کی حتمی تعداد کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
امریکی ایلچی جیرڈ کوشنر اور امریکی ثالث اسٹیو وٹکوف جمعرات کو ماسکو جائیں گے، جہاں ان کی روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات متوقع ہے۔ اس کے بعد امریکی وفد ڈبلن روانہ ہوگا اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ابوظہبی مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔
روس کی جانب سے 2022 میں یوکرین کے خلاف شروع کی گئی جنگ کو پانچ سال کے قریب عرصہ گزر چکا ہے۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان ہزاروں گرفتار فوجیوں کا تبادلہ ہو چکا ہے، تاہم جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی سفارتی کوششیں تاحال کسی حتمی جنگ بندی کے معاہدے تک نہیں پہنچ سکیں۔
ابوظہبی میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات میں قیدیوں کے تبادلے اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، تاہم جنگ بندی یا جنگ کے خاتمے کے حوالے سے فی الحال کسی بڑی پیش رفت کا اعلان نہیں کیا گیا۔