تازہ ترین

بلوچستان میں پائیدار امن ترجیح ہے، بارڈر تجارت کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں، کور کمانڈر

0

تربت: بلوچستان میں پائیدار امن، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے بارڈر تجارت کا فروغ ضروری ہے، ہماری کوشش ہے کہ سرحدی راستے تجارت کے لیے کھولے جائیں تاکہ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع ملیں اور ان کی معاشی حالت بہتر ہو۔ بندوق کے کلچر کے خاتمے کے بعد بلوچستان کو امن، تعلیم، کاروبار اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے تربت میں منعقدہ عوامی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ضلع کیچ، تمپ اور پنجگور کے قبائلی عمائدین، معتبرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل ظفر اقبال، آئی جی پولیس بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

کور کمانڈر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان سے ان کا گہرا لگاؤ ہے اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاک فوج امن، استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے اور صوبے میں دیرپا امن کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ سیکیورٹی مسائل سے دوچار علاقوں میں بھی ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام اور پاک فوج ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان اعتماد، تعاون اور یکجہتی صوبے میں امن و استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ رہی ہے اور آئندہ بھی ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔

عوامی کھلی کچہری کے دوران ضلع کیچ، تمپ اور پنجگور سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور شرکا نے کور کمانڈر کے سامنے اپنے علاقوں کے مسائل، ترقیاتی ضروریات، امن و امان، روزگار اور بارڈر تجارت سے متعلق سوالات اور تجاویز پیش کیں۔

شرکا کے سوالات کے جواب میں کور کمانڈر نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو لوگوں کے مسائل کا مکمل ادراک ہونا چاہیے اور ان کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکام عوامی مشکلات سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

بارڈر تجارت کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کور کمانڈر نے کہا کہ سرحدی تجارتی راستوں کو کھولنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، کاروبار بڑھے گا اور علاقے کی معیشت مستحکم ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بندوق کے کلچر کی جگہ امن، تعلیم، روزگار، کاروبار اور ترقی کی سوچ کو فروغ دینا ضروری ہے۔ بلوچستان کا روشن مستقبل نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے، عوام کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور پائیدار امن کے قیام سے وابستہ ہے۔

کور کمانڈر نے کہا کہ بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور روشن مستقبل کے لیے پاک فوج کے اقدامات جاری ہیں۔ عوام اور سیکیورٹی فورسز کے باہمی تعاون سے صوبے کو امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

عوامی کھلی کچہری کو مختلف علاقوں کے عوام اور سیکیورٹی قیادت کے درمیان براہِ راست رابطے، مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے تجاویز کے تبادلے کا اہم موقع قرار دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.