کوئٹہ: یوم آزادی پاکستان کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جشن آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، شہر کی اہم شاہراہوں، چوراہوں، سرکاری و نجی عمارتوں اور بازاروں کو سبز ہلالی پرچموں، قومی جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں میں بھی جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے اور مختلف علاقوں میں جشن آزادی کی مناسبت سے سجاوٹ کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔
کوئٹہ شہر کے مختلف بازاروں میں قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، سبز و سفید رنگ کی ٹوپیاں اور دیگر سجاوٹی اشیا کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد جشن آزادی سے متعلق اشیا خریدنے میں دلچسپی لے رہی ہے، جبکہ دکانداروں نے بھی مختلف اقسام کی قومی سجاوٹی اشیا سجاکر رکھ دی ہیں۔
دوسری جانب سرکاری اور نجی عمارتوں پر بھی یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی چراغاں اور سجاوٹ کی جا رہی ہے۔ اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر قومی پرچم اور جھنڈیاں آویزاں کی جا رہی ہیں، جس سے شہر کا ماحول جشن آزادی کے رنگ میں رنگتا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یوم آزادی ہمارے لیے قومی یکجہتی، اتحاد اور وطن سے محبت کے اظہار کا اہم موقع ہے۔ اس موقع پر بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی مختلف تقریبات، ریلیوں اور پرچم کشائی کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ عوام میں جشن آزادی کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا عزم پایا جاتا ہے۔