تازہ ترین

ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، تقریبات کا آغاز

0

اسلام آباد- ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور شہر شہر قومی جوش و جذبے کی فضا قائم ہے۔ اسلام آباد سے کراچی، کوئٹہ، پشاور، ملتان اور لاہور تک سڑکیں، شاہراہیں اور اہم مقامات سبز ہلالی پرچموں، رنگ برنگی روشنیوں اور برقی قمقموں سے جگمگا اٹھے ہیں، جبکہ شہری جشنِ آزادی کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے شاندار لائٹنگ اور رنگا رنگ سجاوٹ نے شہر کا حسن دوبالا کردیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر سبز و سفید روشنیوں سے خوبصورت مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

کراچی میں بھی جشنِ آزادی کا جوش عروج پر ہے، جہاں شہر بھر میں عمارتوں، بازاروں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ شہری بڑی تعداد میں تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں اور آزادی کی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی جشنِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجا رکھا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر جشن کی تقریبات جاری ہیں۔

لاہور، پشاور اور ملتان میں بھی جشنِ آزادی روایتی رنگ میں منایا جا رہا ہے۔ بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد قومی جوش و جذبے کے ساتھ تقریبات میں شریک ہے۔

جشنِ آزادی کی یہ رنگا رنگ تقریبات اس بات کا مظہر ہیں کہ پاکستانی قوم آزادی کی خوشی میں متحد ہے اور سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہے۔

شہری آزادی کی نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں بھی کر رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور اس وطن کو تا قیامت سلامت رکھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.