اسلام آباد: پاکستان بھر میں 79واں یومِ آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جبکہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں شامل کے ٹو کے بیس کیمپ پر شدید سردی اور منفی درجہ حرارت میں فرائض انجام دینے والے پاک فوج کے جوان بھی جشنِ آزادی میں بھرپور جذبے کے ساتھ شریک ہیں۔
کے ٹو بیس کیمپ پر پاک فوج کے جوانوں نے نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے اور وطن سے اپنی محبت اور دفاعِ پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
یومِ آزادی کے دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، اتحاد، امن، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ ملک بھر کی مساجد میں بھی پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ توپوں کی سلامی کے دوران اسلام آباد کی فضا ملی نعروں سے گونجتی رہی۔
کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی پیش کی۔
یومِ آزادی کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز اور مسلح افواج کے تمام ہیڈکوارٹرز میں بھی پرچم کشائی کی پروقار تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ ان تقریبات میں قومی پرچم سربلند کیا گیا جبکہ قومی ترانے کی دھن پر فضا ملی جذبے سے گونج اٹھی۔
تقریبات کے دوران پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے پاک فوج کا ہر جوان پوری طرح پرعزم ہے۔
کے ٹو بیس کیمپ کا یہ منظر یومِ آزادی کی تقریبات میں خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے، جہاں انتہائی سخت موسمی حالات اور منفی درجہ حرارت کے باوجود پاک فوج کے جوان وطن سے محبت اور قومی جذبے کے ساتھ جشنِ آزادی منا رہے ہیں۔