اسلام آباد: پاکستان میں 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے، ولولے اور بھرپور ملی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں گلی کوچوں سے لے کر بڑے شہروں تک سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے جبکہ مختلف مقامات پر جشنِ آزادی کی تقریبات جاری ہیں۔
یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور خصوصی دعاؤں سے ہو رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جا رہی ہے۔ مساجد میں پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، اتحاد اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔
وفاقی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر پرچم کشائی کی تقریبات جاری ہیں، جبکہ سرکاری عمارتوں، بازاروں، شاہراہوں اور عوامی مقامات کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ ملک بھر میں شہری قومی لباس پہن کر اور ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم تھامے جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک ہو رہے ہیں۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں یومِ آزادی کی مناسبت سے سیمینارز، نمائشوں، ثقافتی پروگراموں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی جاری ہے۔ ان پروگراموں میں تحریکِ پاکستان کے قائدین اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ نئی نسل کو قیامِ پاکستان کی تاریخ اور قربانیوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر بھی یومِ آزادی کی خصوصی تقریبات جاری ہیں، جہاں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد کی جا رہی ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
مسلح افواج کی قیادت نے پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ملک بھر میں شہری اپنے گھروں، گاڑیوں، گلیوں، بازاروں اور کاروباری مراکز کو قومی پرچموں سے سجا رہے ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں ہونے والی تقریبات میں بچے، نوجوان، خواتین اور بزرگ بڑی تعداد میں شریک ہو کر پاکستان سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
یومِ آزادی کا یہ دن قوم کو ان عظیم قربانیوں کی یاد دلا رہا ہے جن کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان ایک آزاد مملکت کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ اس موقع پر پوری قوم اس عزم کی تجدید کر رہی ہے کہ اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کے ذریعے پاکستان کو مزید مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔