پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان کا خواب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن تھا، جس کی تکمیل کے لیے ہر بچے کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانا اور اس کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔
عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، مسلسل سیاسی عزم، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری اور عوام کی بھرپور شرکت سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1994 میں قدامت پسند حلقوں کی مخالفت اور منفی پروپیگنڈے کے باوجود شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو سب سے پہلے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر واضح پیغام دیا کہ بچوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری گزشتہ کئی برسوں سے انسدادِ پولیو کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل سرگرم ہیں۔ ان کی جدوجہد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے کہ پاکستان کا کوئی بچہ پولیو کے باعث عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ ہو۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے انسدادِ پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والے کارکنوں، بالخصوص دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں فرائض ادا کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیو ورکرز قومی ہیرو ہیں اور ان کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انسدادِ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتی رہے گی اور پولیو سے پاک پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔