تازہ ترین

سرکاری افسران عوامی خدمت کو ترجیح دیں، وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت

0

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں ترقیاتی سرگرمیوں اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور نو تعمیر شدہ سرکاری دفاتر کا افتتاح بھی کیا۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے ضلع میں انتظامی امور کو بہتر بنایا جائے اور عوام کو ان کی دہلیز پر ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرکاری اداروں کو فعال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سرکاری دفاتر کا قیام عوامی مسائل کے حل اور سرکاری خدمات تک رسائی آسان بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھیں، دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی اپنائیں اور مقررہ اوقات میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر میں غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق افسران کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری مشینری عوامی ریلیف کے لیے متحرک اور جواب دہ ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں آسانی ہو۔

دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ نے پانی کے ذخائر اور ڈیموں کی تعمیر کو اہم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ان سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ تعمیراتی معیار، شفافیت اور مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص تعمیراتی کام کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگا اور منصوبوں کو پائیدار بنانے کے لیے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی وسائل کا درست استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سرگرمیوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے اور تمام فیصلوں میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری اداروں کی فعالیت اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.