تازہ ترین

معاشی ترقی کے لیے عالمی ماہرین سے شراکت داری چاہتے ہیں، شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور شفافیت کے فروغ پر کام کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی معیشت کو بین الاقوامی منڈیوں کے لیے مزید کھولنے اور عالمی اقتصادی ماہرین سے مشاورت کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم سے بین الاقوامی مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل (A&M) کے شمالی امریکہ آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اور مالیاتی استحکام کا مشکل ہدف حاصل کرنے کے بعد حکومت بنیادی نوعیت کی ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے، جن کا مقصد برآمدات پر مبنی ترقی اور پیداواری معیشت کے نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قومی صنعت اور پیداوار کی کارکردگی بہتر بنانے اور استعدادِ کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جبکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سرکاری ملکیتی اداروں کی معاشی افادیت اور پائیداری کا جائزہ لینے کے لیے فعال حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس عمل کے تحت قومی معیشت کی بہتری اور اقتصادی ترقی کے لیے سرکاری اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ معاشی ترقی کے عمل کو مؤثر اور تیز رفتار بنانے کے لیے ماہرین کی ٹیم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان اقتصادی ترقی کو مستحکم کرنے کے لیے مؤثر بین الاقوامی مشاورتی فرموں کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کے لیے تیار ہے۔

الویریز اینڈ مارسل کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی اقتصادی ماہرین کے ساتھ روابط قائم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا۔

پیٹر بریگز نے پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے اور پیداواری معیشت کے قیام کے لیے اپنی فرم کی جانب سے تعاون اور مؤثر رابطہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے۔

الویریز اینڈ مارسل کی جانب سے دبئی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا باقر، لندن کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق حمید اور استنبول کے منیجنگ ڈائریکٹر اونور اوکوتور بھی وفد میں شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.