تازہ ترین

پاکستانی فنکاروں کی فلسطینی بچوں سے ملاقاتیں، امدادی سرگرمیوں میں شرکت

0

اردن: جنگ سے متاثرہ فلسطینی خاندانوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف فنکاروں نے اردن میں انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جہاں غزہ سے بے گھر ہونے والے 500 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا اور زیرِ علاج فلسطینی بچوں کی عیادت بھی کی گئی۔

برطانیہ میں رجسٹرڈ فلاحی تنظیم ایس کے ٹی ویلفیئر کے تعاون سے یہ پانچ روزہ امدادی مشن 29 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہا۔ اس دوران پاکستان کے متعدد معروف اداکاروں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کی ضروریات سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

مشن میں جاوید شیخ، صبا حمید، شگفتہ اعجاز، خالد انعم، کبریٰ خان، گوہر رشید، احمد علی اکبر، علی خان اور نبیل ظفر سمیت متعدد فنکار شریک ہوئے۔

فنکاروں نے اردن میں زیرِ علاج فلسطینی بچوں اور ان کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی۔ اداکار خالد انعم کے مطابق ان بچوں میں ایسے بچے بھی شامل تھے جو جنگ کے دوران زخمی ہوئے، جبکہ بعض کینسر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا تھے۔

فلاحی تنظیم کی جانب سے زیرِ علاج بچوں کے لیے کھیلوں، تفریحی سرگرمیوں اور کھانے کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا، تاکہ انہیں علاج کے مشکل حالات میں کچھ خوشگوار لمحات فراہم کیے جاسکیں۔

پاکستانی فنکاروں نے امدادی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں، جن کے ذریعے فلسطینی خاندانوں اور بچوں کے لیے جاری انسانی ہمدردی کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.