کراچی: شہر میں اسٹریٹ کرائم کا سلسلہ جاری ہے اور رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران شہریوں سے لوٹ مار، موبائل فون چھیننے اور گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کی چوری سمیت 43 ہزار 822 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
سی پی ایل سی کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق صرف ستمبر کے دوران کراچی میں مجموعی طور پر 4 ہزار 724 اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ مسلح ملزمان نے شہریوں سے ایک ہزار 803 موبائل فون چھینے، جبکہ 430 موٹرسائیکلیں اور 20 گاڑیاں بھی اسلحے کے زور پر چھینی گئیں۔
اسی طرح ستمبر میں شہر کے مختلف علاقوں سے 2 ہزار 374 موٹرسائیکلیں اور 97 گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں اسٹریٹ کرائم کی 5 ہزار 106، فروری میں 4 ہزار 580، مارچ میں 4 ہزار 889 اور اپریل میں 4 ہزار 949 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
مئی میں 4 ہزار 671، جون میں 4 ہزار 591، جولائی میں 5 ہزار 108 اور اگست میں 5 ہزار 204 وارداتیں ریکارڈ کی گئیں۔
ستمبر میں 4 ہزار 724 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جو اگست کے مقابلے میں 480 کم ہیں۔
یوں رواں سال جنوری سے ستمبر تک کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی مجموعی وارداتوں کی تعداد 43 ہزار 822 تک پہنچ گئی۔