تازہ ترین

حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک، ایاز صادق کی مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات

0

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے بعد سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرکے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد ایاز صادق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ان کا تعلق سیاست سے بڑھ کر ہے اور وہ انہیں عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دینے کیلئے آئے تھے، تاہم ملاقات کے دوران اہم سیاسی امور بھی زیرِ بحث آئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ اپوزیشن رہنماؤں سے ٹیلیفون پر مسلسل رابطے میں ہیں اور پاکستان کی بہتری کیلئے سیاسی راستہ تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری بھی ایاز صادق کے ہمراہ تھے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ایک روز قبل اپوزیشن رہنماؤں نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرکے موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت سے مذاکرات اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر مشاورت کی تھی۔

مولانا فضل الرحمان نے اس ملاقات کے بعد کہا تھا کہ حکومت نے بامعنی سیاسی مذاکرات کیلئے گنجائش کم کردی ہے، تاہم سیاسی اور جمہوری قوتیں مذاکرات پر یقین رکھتی ہیں اور ملک کے مسائل کا سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی غیر مشروط مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئیں اور مذاکرات کسی معاہدے تک پہنچنے تک جاری رہنے چاہئیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کے بعد اختلافات کو میڈیا پر بیان کرنے سے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچا، جبکہ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے مطالبات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی سمیت کسی بھی غیر آئینی اقدام سے گریز پر بھی زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.