تازہ ترین

بلوچستان کی ڈیجیٹل ہیلتھ اصلاحات عالمی کانفرنس میں نمایاں

0

بلوچستان کے صحت کے شعبے میں جاری ڈیجیٹل اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں نمایاں کیا گیا، جہاں 26 ممالک کے نمائندگان، صحت کے ماہرین اور ترقیاتی شراکت دار شریک ہوئے۔
ڈی ایچ آئی ایس ٹو ایشیا پیسیفک کانفرنس میں بلوچستان کے ڈیجیٹل ہیلتھ ماڈل اور صحت کے نظام میں ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا گیا۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور بلوچستان میں صحت کے شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن، صحت کے اعدادوشمار کے موثر استعمال، رپورٹنگ نظام میں بہتری اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کے حوالے سے صوبائی اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر اوسلو یونیورسٹی ناروے کی جانب سے بلوچستان میں ڈیجیٹل ہیلتھ اصلاحات اور صحت کے نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کو سراہا گیا۔ بلوچستان کے ڈیجیٹل ہیلتھ تجربے کو صحت کے نظام میں ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کی ایک مثال کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی فورم پر صوبے کی ڈیجیٹل ہیلتھ اصلاحات کو پذیرائی ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کی جانب سے بلوچستان کی اصلاحات کو سراہا جانا حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن جدید اور موثر گورننس کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ حکومت ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی نظام کے ذریعے صحت کے شعبے میں شفافیت اور جوابدہی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ اصلاحات کا مقصد ٹیکنالوجی کو عوامی صحت کی خدمات میں عملی بہتری کا ذریعہ بنانا ہے اور صوبائی حکومت جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ڈیٹا اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اصلاحات کا سفر جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.