اسلام آباد: حکومت نے پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری شعبے کیلئے مالی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے آئی ایف سی کے ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری اور مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے کیلئے جاری اور ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کے ساتھ آئی ایف سی کی مسلسل شراکت داری اور نجی شعبے کیلئے مالی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری افراد، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، سستی رہائش اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کو مزید سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ اس کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کے ساتھ مالی سہولیات تک آسان رسائی ضروری ہے۔
ملاقات میں آئی ایف سی نے کاروباری افراد اور نئے کاروباروں کے فروغ کیلئے نئے فنڈ کے قیام پر پیش رفت سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ سستی رہائش کے شعبے میں تعمیراتی منصوبوں کی مالی معاونت اور زرعی شعبے کیلئے تعاون کے مختلف امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
فریقین نے زرعی اجناس کے ذخیرے کی بہتر سہولیات، الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسیدوں کو ضمانت کے طور پر استعمال کرنے اور کسانوں کیلئے قرضوں تک رسائی آسان بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پانی اور بجلی کے شعبوں میں سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبوں، پانی کے معیار میں بہتری اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں جدید میٹرنگ نظام سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ طویل مدتی اور قابل استطاعت مالی سہولیات نجی سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور پیداواری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
فریقین نے نجی شعبے کی مالی معاونت، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون مزید مضبوط بنانے اور پاکستان میں ملکی و بین الاقوامی نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔