تازہ ترین

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز، لوڈشیڈنگ بڑھنے کا خدشہ

0

اسلام آباد: ملک میں بجلی کی طلب اور پیداوار کے درمیان فرق بڑھ کر 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے ذرائع کے مطابق متعدد بجلی گھروں کی پیداوار سے باہر ہونے اور پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث قومی سطح پر بجلی کا شارٹ فال بڑھا ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی قلت کے باعث مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ موجودہ صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں آنے والے دنوں میں بجلی کی فراہمی مزید متاثر ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نظام میں بھی بجلی کی کمی 1500 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے۔

لیسکو ذرائع کے مطابق ڈیزل، گیس اور پن بجلی سے بجلی کی پیداوار میں کمی شارٹ فال بڑھنے کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے مختلف علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بجلی کی موجودہ قلت برقرار رہنے کی صورت میں آئندہ کئی روز تک صارفین کو شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.